نئی دہلی، 9/مارچ (ایس او نیوز/ایجنسی) بالی وڈ کے سینیئر اداکار اور ہدایت کار ستیش کوشک انتقال کر گئے۔ ستیش کوشک کو نئی دہلی میں کار میں سفر کے دوران دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا، ان کی عمر 66 برس تھی۔
ستیش کوشک بھارتی اداکار، کامیڈین، اسکرین رائٹر، ہدایت کار اور پروڈیوسر تھے۔ وہ 13 اپریل 1956 کو ہریانہ میں پیدا ہوئے، انہوں نے بالی وڈ میں ڈیبیو کرنے سے قبل تھیٹرز میں کام کیا۔
ستیش کوشک کو 1987 کی سپر ہٹ فلم مسٹر انڈیا میں کیلنڈر کے کردار سے کافی پذیرائی ملی تھی۔ اس کےعلاوہ انہوں نے1990 میں انیل کپور کی فلم رام لکھن اور 1997 میں ساجن چلے سسرال کے لیے فلم فیئر کا بہترین کامیڈین کا ایوارڈ بھی جیتا تھا۔ ہدایت کاری کی بات کریں تو ستیش کوشک نے روپ کی رانی چوروں کا راجا، پریم، ہم آپ کے دل میں رہتے ہیں اور سلمان کی مشہور فلم تیرے نام ڈائریکٹ کی۔
ستیش کوشک کی موت کی خبر بالی وڈ اداکار اور ستیش کے قریبی دوست انوپم کھیر نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعے دی۔ انوپم کھیر نے ٹوئٹ میں لکھا کہ'میں جانتا ہوں کہ موت اس دنیا کی آخری سچائی ہے، لیکن میں نے خوابوں میں بھی نہیں سوچا تھا کہ میں یہ بات کسی دن اپنے بہترین دوست کے بارے میں لکھوں گا، 45 سال کی دوستی پر ایسا اچانک فل اسٹاپ لگ گیا، آپ کے بغیر زندگی کبھی ایک جیسی نہیں رہے گی ستیش!'۔